عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹکنالوجی آف کشمیر کے انوویشن، انکیوبیشن اینڈ انٹرپرینیورشپ (SKIIE) سینٹر کو کل جموں میں منعقد ہونے والے سالانہ اسٹارٹ اپ میلے میں حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے ’’انکیوبیٹر آف دی ایئر‘‘ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم سوگامی، ایم ایل اے وجئے پور چندر پرکاش گنگا، کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت وکرمجیت سنگھ، سیکرٹری صنعت، ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی، اور دیگر اعلیٰ حکام اور معززین کی موجودگی میں جموں و کشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے تحت منعقدہ تقریب میں پیش کیا۔یہ ایوارڈ SKIIE سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نوید حامد نے وصول کیا اور اس میں ایک سرٹیفکیٹ آف ایکسیلنس، 50,000 بطور ایوارڈ رقم، اور مرکز میں انکیوبیشن سرگرمیوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے 50 لاکھ کا سرمایہ سیڈ فنڈ شامل ہے۔وائس چانسلرپروفیسر نذیر احمد گنائی نے اس کامیابی پر SKIIE ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ انکیوبیشن ٹیم، فیکلٹی مینٹرز، اور طالب علم اختراعیوں کے وڑن، لگن، اور باہمی تعاون کی کاوشوں کا ثبوت ہے۔