محمد تسکین
بانہال// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعرات کی صبح سے ہی وادی چناب کے رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں موسم ابرآلود رہا، جو دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ تیزی سے بارشوں اور بالائی علاقوں میں ممکنہ برفباری کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا اور شام تک بادلوں اور سرد ہواؤں نے موسم کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جمعرات کی رات سے جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے امکانات ظاہر کئے ہیں اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سے عام لوگ، بالخصوص پہاڑی علاقوں کے مکین، ممکنہ برفباری کے منتظر ہیں ۔موسمی تبدیلی کے باعث جمعرات کی صبح ہی درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور گزشتہ چند دنوں کے مقابلے میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی ۔اس دوران جموںسرینگر قومی شاہراہ پر موسم کی خرابی کے باوجود دونوں طرف سے ٹریفک کی آمدورفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی۔ جمعرات کی شام تک ہزاروں کی تعداد میں مال بردار اور مسافر گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر طے کیا۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق جمعرات کی شام تک شاہراہ پر مجموعی طور پر معمول کا ٹریفک جاری تھا تاہم ضلع ادہمپور کے بلی نالہ اور دیول پل جبکہ ضلع رام بن کے ڈھلواس، ماروگ اور شیر بی بی کے کشتواڑی پتھر کے درمیان بعض مقامات پر سڑک کی حالت خراب ہونے کے باعث ٹریفک کو سست روی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔