گاندربل حادثہ کا زخمی صورہ میں چل بسا ،اونتی پورہ کی خاتون جھلس گئی
سرینگر// سرینگر کے نوگام علاقہ میں کل شام اس وقت سراسیمگی پھیلی جب میں کرائے کے ایک کمرے میںکوکرناگ کے 2 مزدور مردہ پائے گئے۔حکام نے بتایا کہ دونوں نوگام میں کرائے کے مکان میں بے ہوش پائے گئے۔ “اطلاع ملنے کے فوراً بعد، پولیس اور ایف ایس ایل (فارنزک سائنس لیبارٹری) کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔مرنے والوں کی شناخت بشیر احمد واگے ولد غلام رسول وگے اور نثار احمد آہنگر ولد غلام احمد آہنگر ساکناں ماگام، کوکرناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر پلوامہ قصبہ میں نئے سرکیولر روڈ کے نزدیک ژاٹہ پورہ میں کل صبح ذاسو پلوامہ کے شہنواز منظور بٹ ولد منظور احمد بٹ، عمر تقریباً 33 سال کی لاش درخت پر لٹکی پائی گئی ۔ متوفی کو اہلِ خانہ نے منگل کی دوپہر سے لاپتہ قرار دیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش جاری تھی۔پولیس نے ابتدائی قانونی کارروائی موقع پر انجام دی جس کے بعد لاش کو تحویل میں لے کر نزدیکی صحت مرکز منتقل کیا گیا تاکہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ مقامی لوگوں میں غم و غصہ اور تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات شفاف طریقے سے مکمل کی جائیں گی اور حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔اس دوران گاندربل کے مضافاتی علاقہ اندرون میں 19 سالہ نوجوان سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ میں چار روز زیر علاج رہنے کے بعد بدھ کی صبح موت کی آغوش میں چلا گیا۔اتوار کو 19 سالہ نوجوان ناصر احمد ککرو ولد ادریس احمد ساکنہ درد پورہ اندرون کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کرکے موقع سے فرار ہوگئی تھی. جس کے بعد اسے زخمی حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا تھا جہاں بدھ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا. علاقہ میں جیسے ہی اس کی نعش لائی گئی صف ماتم بچھ گیا۔ادھراونتی پورہ علاقے میں گیس کے اخراج کے واقعہ کے بعد ایک خاتون جھلس کر زخمی ہو گئی۔ زخمی خاتون کو ابتدائی طور پر پی ایچ سی اونتی پورہ لے جایا گیا اور بعد میں اسے جدید علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر ریفر کیا گیا۔پو لیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔