سید رضوان گیلانی
سرینگر// جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 14 جنوری 2026 بدھ کو کرے گا۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں، وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت نے دسویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان ایک ہی دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سکینہ ایتو نے بتایا، “ہم سمجھتے ہیں کہ طلبا نتائج کا انتظار کر رہے ہیں، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ دونوں کلاسوں کے نتائج کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔”انہوں نے کہا کہ رزلٹ ڈیکلریشن کمیٹی (RDC) کی میٹنگ سکریٹری کے ساتھ ساتھ ممبران،-ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور جموں ڈویژن کے علاوہ جوائنٹ سیکرٹریوں کے ساتھ بلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا، “ہم چیئرمین سے منظوری لینے کے بجائے نتیجہ کو انتظامی منظوری دیں گے۔”یہ اعلان بورڈ چیئرمین کی تقرری میں تاخیر کے درمیان ہوا ہے کیونکہ یہ عہدہ پچھلے ایک سال سے خالی پڑا ہے۔وزیر تعلیم نے کہا”نتائج کے اعلان کے بعد، ہم بورڈکے لیے بھی مستقل چیئرمین کا تقرر کریں گے،” ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 94783 طلبا، جن میں 68804 کشمیر سے اور 25,224 طلبا جموں ڈویژن کے موسم سرما کے علاقوں کے علاوہ کرگل کے 660 طلبا اور ضلع لیہہ سے 95 طلبا نے اس سال دسویں جماعت کے امتحان کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے۔اس کے علاوہ تقریباً 81622 طلبا، جن میں 64001 جموں اور 17621 کشمیر نے 11ویں جماعت کے امتحان کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ 70117 طلبا میں سے56423 کشمیر اور 13694 نے جموں کے ونٹر زون کے علاقوں سے 12ویں کلاس کے امتحان کے لئے اندراج کیا ہے۔