۔ 6رہائشی مکانات ،تجارتی عمارت اورکئی دھانچے جل کرراکھ
اشرف چراغ+مشتاق الاسلام
سرینگر،کپوارہ،پلوامہ// کپوارہ،پلوامہ ،نشاط ،حیدر پورہ اور بڈگام میں آتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں 4رہائشی مکانات ،ایک تجارتی عمارت سمیت کئی دھانچے جل کر راکھ کی ڈھیر میں تبدل ہوئے جبکہ کرنا میں شہری اپنے آشیانے کو جلتے ہوئے دیکھ کر دل برداشتہ ہوگیا اور دل کا دوہ پڑنے سے فوت ہو گیا ۔ کنڈی کرناہ میں 10اور11جنوری کی رات کے دوران ایک مکان میں تباہ کن آگ لگ گئی جس نے اپنے ساتھ مزید دو مکانو ں کو گھیر لیا۔آتشزدگی کی اس واردات میں دانش احمد قریشی ،اور فاروق احمد قریشی کے آشیانے جل کر راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئی جبکہ خالد قریشی کے مکان کو بھی زبردست نقصان پہنچاہے۔ خالد احمد قریشی کے والد عبدالمجید قریشی (80) اپنے بیٹے کے مکان کو جلتے دیکھ کر بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ایس ڈی ایچ ٹنگڈار منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بزرگ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے پولیس، فوج اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور اسے قریبی ڈھانچوں تک پھیلنے سے روک دیا۔آگ کی اس واردات میں میں لاکھو ںروپے کی املاک کو سخت نقصان پہنچ چکا ہے ۔اس دوران کپوارہ کے بائی پاس پربھی ایک3منزلہ رہائشی مکان جل کر تبا ہ ہو گیا ۔ادھردربگام پلوامہ میں پیش آئے ایک خوفناک آتشزدگی کے واقعے میں محمد اکبر ولد غلام احمد ڈار، ساکن دربگام، کا دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔ نزدیکی جامع مسجد کو فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی بروقت کارروائی اور مقامی لوگوں کے تعاون سے بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔اس دروان سرینگر کے مصروف حیدرپورہ چوک میں اتوار کو ایک بیکری یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے دو منزلہ عمارت متاثر ہوئی۔ فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے اور کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی، جس میں روٹی بنانے کا کارخانہ قائم تھا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام نے کہا کہ واقعے کی مکمل جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر سری نگر کے برین نشاط کے بالائی علاقوں میں درمیانی رات کے دوران خشک جھاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس کے بعد اتوار کی صبح پہاڑی علاقے سے ہلکا دھواں اٹھتے دیکھے جانے کے بعد مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں کوئی فائر ٹینڈر نہیں بھیجا گیا کیونکہ برین نشاط کے بالائی علاقوں کی طرف جانے والی سڑک موٹر کے قابل نہیں ہے۔اہلکار نے کہا کہ آگ ایک دشوار گزار علاقے میں لگی تھی اور رہائشوں کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں تھا۔دریں اثناء ضلع بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں اتوار کو آگ لگنے سے ایک رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ یہ مکان غلام محمد خان ولد محمد اکبر کا تھا۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ حکام نے بتایا کہ سخت کوششوں کے بعد، آگ پر قابو پالیا گیا، جس سے اسے قریبی رہائشی عمارتوں تک پھیلنے سے روکا گیا۔