فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے بونیار اوڑی علاقے میں متعدددیہات گزشتہ دو دنوں سے بجلی سے محروم ہیں جس کے باعث چلہ کلان کی اس شدید سردی میں مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ دیہات میں باچی، لڈی، ترکنجن، بنالی، باڈین، دودرن، دراکونجن، سلاسَن، چھوٹالی، مدنان، گگرہل، جبڈی، ہلرپرنیا، بگنا سلام آباد اور کئی دیگر دیہات شامل ہیں ۔بجلی کی سپلائی گزشتہ شام ریسیونگ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے باعث منقطع ہو گئی تھی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طویل بجلی بندش نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور سرد موسم میں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ایک سماجی کارکن عرفان احمد چک نے بتایا کہ لوگ گزشتہ دو دنوں سے بجلی کے بغیر ہیں اور اس سخت سردی میں شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جمعہ کو شام تقریباً 4 بجے بجلی مختصر وقت کے لیے بحال ہوئی تھی، مگر چند منٹ بعد دوبارہ منقطع ہو گئی۔جب اس سلسلے میں محکمہ بجلی کے ایک اہلکار سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بجلی کی بندش ریسیونگ سٹیشن میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی تھی، جسے صبح کے وقت درست کر دیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں ہائی ٹینشن لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث دوبارہ بجلی منقطع ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریسیونگ اسٹیشن کی خرابی دور کر دی گئی تھی، لیکن اس کے بعد ہائی ٹینشن ترسیلی لائن میں مسئلہ پیدا ہو گیا۔ اسے بھی ٹھیک کر دیا گیا ہے اور متاثرہ دیہات میں جلد ہی بجلی بحال کر دی جائے گی۔