عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ//ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ نے ڈی سی آفس کمپلیکس، ڈوڈہ کے کانفرنس ہال میں “یووا فار وکست بھارت” کے موضوع کے تحت منعقدہ سنسد کھیل سپردھا کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس تقریب کا انعقاد ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ضلع یوتھ سروسز اور سپورٹس ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔قومی اختتامی تقریب کا براہ راست ٹیلی کاسٹ دکھایا گیا جس کے دوران وزیر اعظم نے ایک تحریکی خطاب کیا، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی گئی۔ ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو متاثر کرنے والے مختلف مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ والی بال، کرکٹ، کھو کھو، کبڈی، تائیکوانڈو، شوٹنگ، باسکٹ بال اور ریسلنگ جیسے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے اپنے حقیقی تحفظات اور مطالبات کو اجاگر کیا۔ڈی سی ڈوڈہ نے مسائل کے بروقت ازالہ کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ زونل، ضلع، ریاستی اور قومی سطح پر کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، کوچنگ کی سہولیات اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں والی بال کوچ کی تقرری پر خصوصی زور دیتے ہوئے موزوں مرد اور خواتین کوچز کی نشاندہی اور تقرری کی ہدایت کی۔ انہوں نے دو کرکٹ پچوں کی تیاری کی بھی ہدایت دی، ایک گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ اور دوسری اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں اور سی پی او ڈوڈہ کو بولنگ مشین حاصل کرنے کی ہدایت کی۔گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول ڈوڈہ میں کھو کھو گراؤنڈ کی نشاندہی اور نیو ڈی سی آفس کمپلیکس میں نئے تعمیر شدہ ہال میں ریسلنگ اور کبڈی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی بات چیت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے ساتھ ساتھ مقابلہ جاتی امتحانات میں بھی حصہ لیتے رہیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ٹرافیاں سے نوازیں۔