عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// فیس فکسیشن اینڈ ریگولیٹری کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نجی سکولوں کو طلبا سے من مانی لیٹ فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں ہے، اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ موجودہ اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ چیئرپرسن جسٹس سنیل ہالی کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں، کمیٹی نے کہا کہ اسے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کئی سکول 2023 میں جاری کیے گئے اس کے پہلے کے سرکیولر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیٹ فیس لگا رہے ہیں۔ سرکیولر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ فیس کی واجب الادا تاریخ سے تین ماہ کی مدت تک کوئی لیٹ فیس نہیں لی جا سکتی۔ایف ایف آر سی نے واضح کیا کہ اگر طلبا اگلے مہینے کی 15 تاریخ تک اپنی ماہانہ فیس جمع کرانے میں ناکام رہتے ہیں تو سکول کوئی لیٹ فیس نہیں لگا سکتے۔ تاہم، اگر مقررہ تاریخ سے تین ماہ گزر جانے کے بعد بھی فیس ادا نہیں کی جاتی ہے، تو فیس کی واجب الادا تاریخ سے 30 فی مہینہ لیٹ فیس وصول کی جا سکتی ہے۔کمیٹی نے والدین کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ تعلیمی اداروں کو تکلیف سے بچنے کے لیے اسکول کی فیس بروقت جمع کرائیں۔