عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سیکورٹی فورسز نے آئندہ کرسمس اور نئے سال کی تقریبات سے قبل سرینگر بھر میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کر دیا ہے۔ حکام نے منگل کو کہا کہ پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس اہلکاروں نے شہر کے کئی اہم مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ اور نگرانی کو تیز کر دیا ہے، جس میں سیاحتی اور عوامی نقل و حرکت کے علاقے جیسے ڈل جھیل کا علاقہ شامل ہے۔ حکام نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کسی بھی ممکنہ حفاظتی خلاف ورزی کو روکنا اور تہوار کے دوران باشندوں اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔پولیس سٹیشن نشاط کے اہلکاروں کو سی آر پی ایف یونٹوں کے ساتھ گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کرتے ہوئے اور اہم داخلی اور خارجی راستوں پر نقل و حرکت کی نگرانی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔سرینگر کے لالچوک اور اس کے گردونواح میںکے علاوہ بٹہ مالو، رام باغ، ڈلگیٹ، پانتہ چھوک اور پائین شہر میں ناکے لگائے گئے،جہاں گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی جاتی رہی۔ تجارتی مرکز لالچوک میں سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نقل و حرکت دیکھی گئی۔،گھنٹہ گھر، مولانا آزاد روڈ، ریگل چوک، پریس کالونی اور بڈشاہ چوک کے ہر نکڑ پر اہلکار تعینات رہے ۔