عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیر، 22 دسمبر 2025 کو صبح 10:30 بجے جموں میں ہونے والے کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ۔اگرچہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کی باضابطہ تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم سرکاری حلقوں میں گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین (ڈیلی ویجرز) کی مستقلی کا معاملہ اجلاس میں زیرِ غور آنے کا قوی امکان ہے، اس کے علاوہ دیگر اہم امور بھی ایجنڈے میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ اجلاس چار سال سے زائد کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہونے والے دو سالہ دربار موو کے تحت سرمائی دارالحکومت جموں میں ہونے والا دوسرا کابینہ اجلاس ہوگا۔واضح رہے کہ 3 دسمبر 2025 کو ہونے والے گزشتہ کابینہ اجلاس میں چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ مختلف محکموں کے ڈیلی ویجرز کی مستقلی سے متعلق، ان کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے عمل میں تیزی لائیں۔
اسی کابینہ اجلاس میں ریزرویشن سے متعلق طویل عرصے سے زیرِ التوا کابینہ سب کمیٹی کی رپورٹ کو منظوری دی گئی تھی، جسے حتمی منظوری کے لیے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ارسال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی زیر صدارت جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس جاری