سرحدی علاقوں کی سڑکیں گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند
اشرف چراغ
کپوارہ // ضلع کپوارہ کے بالائی اور سرحدی علاقوں میں اس موسم کی پہلی برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کئی رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند ہو گئی ہیں۔ برف باری سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں اور درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق سادھنا ٹاپ پر ڈیڑھ فٹ کے قریب برف جمع ہو چکی ہے، جبکہ شمس بری پہاڑی سلسلہ، بنگس وادی، ٹاٹا اور راگنی جیسے بالائی علاقوں میں مسلسل برف باری کے باعث دو فٹ کے قریب برف جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسی طرح کیرن کے فرکن گلی ، بڈنمل،مژھل اور جمہ گنڈ میں بھی برف باری ہونے کی اطلاع ہے ۔ برف باری کے بعد کیرن ،کپوارہ سڑک کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر رہی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کے باعث روزمرہ سرگرمیاں سست رہیں۔تحصیلدارکرناہ محمد آمین بٹ نے بتایا کہ موسم کی خرابی سے پہلے جاری ایڈوائزری کے فورا بعد تمام ان طلبہ کو جن کے امتحانات وادی کے دیگر علاقوں میں تھے، بروقت روانہ ہونے کا مشورہ دیا گیا تھا تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح مریضوں کو بھی ضروری طبی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ علاقے میں راشن اور رسوئی گیس پہلے ہی وافر مقدار میں پہنچا دی گئی ہے اور فی الوقت اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے۔ عوام کو غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ادھر سب ڈویژن میں ممکنہ شدید برف باری کے پیش نظر 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں متعلقہ کنٹرول روم یا ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کے تحفظ اور سہولت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ادھر ضلع کے دیگر سرحدی علاقوں جن میں مژ ھل، بڈنمل، جمہ گنڈ اور کیرن شامل ہیں میں بھی اتوار کی صبح سے ہی برف باری شروع ہوئی جو، آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی۔زیڈ گلی مژھل پر قریب 2 فٹ برف جمع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جبکہ پتو کھاہ جمہ گنڈ گلی پر 7 انچ، اور بابا ٹاپ بڈنمل پر 4 انچ برف جمع ہوئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ کا کہنا ہے کہ برف باری کے پیش نظر سرکاری مشینری کو متحرک کیا گیا اور ضلع انتظامیہ نے برف باری کے پیش نظر، در پیش مسائل حل کرنے کے لئے انتظامیہ کو تیار رکھا ہے ۔