عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/خراب موسم کے باعث اتوار کے روز سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں دوپہر ایک بجے تک 15 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔سری نگر ایئرپورٹ کے ایک عہدیدار نےبتایا کہ خراب موسم کے سبب آمد اور روانگی کی مجموعی طور پر تقریباً 15 پروازیں منسوخ ہوئیں۔عہدیدار کے مطابق کم حدِ نگاہ اور غیر موزوں موسمی حالات کے باعث دوپہر تک پروازوں کی آمد و رفت شدید متاثر رہی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق 1300 بجے تک دو طے شدہ آمدی پروازیں تاحال زیرِ التوا تھیں، جبکہ چار روانگی کی پروازیں موسم بہتر ہونے کے انتظار میں ایپرن پر روک دی گئیں۔خراب موسم کے جاری سلسلے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے کئی مسافر ایئرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے۔مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے قبل تازہ معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ایئرپورٹ حکام نے مزید کہا کہ شمالی بھارت کے مختلف علاقوں میں خراب موسم کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر، شیڈول میں تبدیلی اور منسوخی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔حکام نے کہامسافروں سے گزارش ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں۔ اس زحمت کے لیے ہمیں افسوس ہے۔
خراب موسم کے باعث سری نگر ہوائی اڈے پر 15 پروازیں منسوخ