عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو لوک بھون میں محکمہ داخلہ کے تحت ذیلی محکموں کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں جموں و کشمیر بھر کی جیلوں کی بار بار چیکنگ اور نگرانی کرنے پر زور دیا۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ میں چیف سکریٹری اتل ڈلو کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، پرنسپل سیکریٹری ہوم و خزانہ، پولیس کے سنیئر افسران،ایل جی کے پرنسپل سکریٹری، کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز، ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزاور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔میٹنگ میں پراسیکیوشن، ہوم گارڈز اور SDRF، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، فارنسک سائنسز لیبارٹری، سینک ویلفیئر، اور پی ایس اے ایڈوائزری بورڈ کے بجٹ اور اخراجات کی پوزیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مہان پور کٹھوعہ میں ہائی سیکورٹی جیل کی تعمیر سمیت اہم جاری پروجیکٹوں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا ایک جامع جائزہ لیا۔ ایف ایس ایل جموں میں سائبر ڈویژن کا قیام، ایف ایس ایل سرینگر میں سائبر ڈویژن کی اپ گریڈیشن اور جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع میں بنکروں کی تعمیر کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوں نے مربوط کوششوں کے ذریعے کام کی رفتار کو تیز کرنے اور محکمہ داخلہ کے مختلف ونگز کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جیل کے افسران اور عملے کو حساس بنانے اور جموں و کشمیر میں جیلوں کی بار بار چیکنگ اور نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔