عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر میں چلہ کلاں کے آمد کی دستک برف و باراں کے موسم سے ہو گئی ہے۔ہفتے کی رات زوجیلا، وارڈون، سنتھن ٹاپ،رازدان ٹاپ اور سادھنا ٹاپ پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اونچی جگہوں پر اعتدال سے لے کر بھاری برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔عام طور پر برفباری سے قبل رات کے درجہ حرارت میں قدرے بہتری آتی ہے اور وہی ہوا۔ 40دن کے سخت ترین سردی کے دورانیہ کی آج سے شروعات ہورہی ہے۔چلہ کلاں موسم سرما اور شدید کی سردی کا دل کہلاتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 20-21 دسمبر کو برف و باراں کے موسم کی پیش گوئی کی ہے، جو ‘چِلہ کلاں’ کے آغاز کے ساتھ موافق ہے، جو ہر سال 21 دسمبر کو شروع ہوتا ہے اور 31 جنوری کو ختم ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر کے اونچے علاقوں میں درمیانی سے بھاری برفباری کی توقع ہے، جبکہ ہلکی سے درمیانی بارش میدانی علاقوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ کپواڑہ، بانڈی پورہ اور گاندربل کے چند اونچے علاقوں میں خاص طور پر 21 دسمبر کو درمیانی سے بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔اسکے علاوہ زوجیلا، منی مرگ، سونمرگ، گریز، سادھنا ٹاپ، مژھل۔ وادی بنگس،گلمرگ، یوسمرگ، دود پتھری،توسہ میدان،پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ اور پہلگام میں برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ دو مغربی ہوائوں کے مرحلوں کے داخل ہونے سے زیادہ تر شمالی، وسطی اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہونگی۔ادھروادی بھر میں رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی، جس کے ساتھ پلوامہ کم از کم منفی 3.2 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سرد ترین مقام کے طور پر ابھرا۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں منفی 0.4 ،ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ہفتہ کی صبح سرینگر اور وادی کے بیشتر حصوں ، خاص طور پر آبی ذخائر کے قریب کو دھند کی ایک موٹی تہہ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پہلگام میںمنفی 1 ڈگری، کوکرناگ اور قاضی گنڈ میں بالترتیب 0.8 اور منفی 1 ، کپواڑہ میں منفی 0.7 اور گلمرگ میں، کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر 2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔