عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ برف کے بغیر گلمرگ کو فروخت نہیں کیا جا سکتا اور یہ کہ کشمیر کے سیاحتی شعبے، خصوصاً سرمائی مقامات پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعلیٰ نے یہ بات ایڈونچر ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (اے ٹی او اے آئی) کے 17ویں سالانہ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی، جو سرینگر کے شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہوئی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ایڈونچر کے جذبے کا جشن منانے والے اس پروگرام کا حصہ بننا ان کے لیے’’گھر واپسی‘‘کے مترادف ہے۔
انہوں نے اپنے ذاتی ایڈونچر تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے، ہاٹ ایئر بیلون میں سفر سے لے کر کسی چوٹی پر پہنچنے کے احساس تک کا ذکر کیا اور کہا کہ انسان کو خود کو بلندی پر محسوس کرنے کے لیے ایورسٹ کو چھونا ضروری نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کشمیر کے سیاحتی شعبے پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، خصوصاً گلمرگ جیسے سرمائی سیاحتی مقامات پر پڑنے والے اثرات کو نمایاں کیا۔ انہوں نے کہا، اگر برف باری نہیں ہوگی تو گلمرگ کو فروخت نہیں کیا جا سکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کی حقیقت کو اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ گلیشیئرز پگھل رہے ہیں اور برف باری میں کمی آ رہی ہےیہ حقائق ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے اسکیئنگ اور سرمائی سیاحت کو برقرار رکھنے کے لیے مصنوعی برف سازی اور نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال پر بھی زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اعتراف کیا کہ جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے نے ایک مشکل سال کا سامنا کیا ہے، جس کی وجہ پہلگام حملہ، موسم کی خرابی اور دہلی میں دھماکے جیسے واقعات رہے، جنہوں نے سفری سرگرمیوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا، سیاحت کے شعبے سے وابستہ لوگ ہی سمجھ سکتے ہیں کہ ایسے حالات میں بحالی کتنی مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آپریٹرز کی حمایت اور محفوظ سیاحتی تجربات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے پیراگلائیڈنگ، ہاٹ ایئر بیلوننگ اور نئے تربیتی پروگراموں سمیت ایڈونچر سرگرمیوں میں تنوع لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ جموں و کشمیر کو سال بھر کی ایڈونچر سیاحتی منزل بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا، ایڈونچر سیاحت کی دنیا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر اس عالمی ترقی کی کہانی کا حصہ بنےذمہ داری، تحفظ اور پائیداری کے ساتھ۔