سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں ویلیج ڈیفنس گارڈزکو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 97 نئے گروپ تشکیل دئیے ہیں جن میں 1164 نئے ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ضلع میں انسدادِ دہشت گردی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ریاسی میں پچھلے کئی برسوں سے مشتبہ نقل و حرکت کے سلسلے میں بار بار اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں، جبکہ 9 جون 2024 کو ہونے والے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے میں نو افراد، جن میں زیادہ تر یاتری شامل تھے، جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ پولیس کے مطابق وی ڈی جیز کو مضبوط کر کے دیہی علاقوں میں فول پروف سیکورٹی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق نئے گروپوں کی تشکیل کے ساتھ ساتھ 726 زائد العمر وی ڈی جی ممبران کو فعال اور فٹ اہلکاروں سے تبدیل کیا گیا ہے تاکہ زمینی سطح پر حفاظتی ڈھانچہ مزید مضبوط ہو سکے۔جمعرات کو جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ریاسی میں وی ڈی جیز کے ساتھ ایک خصوصی سیشن منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایس ایس پی ریاسی پرم ویر سنگھ نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ریاسی افتخار قریشی، ڈی ایس پی ڈی اے آر اور ایس ڈی پی او ارناس بھی موجود تھے۔ یہ سیشن ارناس کے رْد پل کے قریب فائرنگ گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں دور دراز علاقوں سے سینکڑوں وی ڈی جی ممبران نے شرکت کی۔ایس ایس پی نے وی ڈی جیز کی موجودہ تعیناتی، سیکورٹی تیاریوں اور مشکوک نقل و حرکت سے نمٹنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وی ڈی جیز کے ہتھیاروں کے استعمال، فائرنگ مہارت اور ویپن ہینڈلنگ تکنیک کا بھی معائنہ کیا۔ پولیس کے مطابق ایس ایس پی نے فائرنگ پریکٹس کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے تجربات اور سی آر پی ایف و آرمی کی نگرانی میں دی جانے والی تربیت سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔افسر نے فائرنگ کی درستگی بہتر بنانے، ویپن ہینڈلنگ میں مہارت بڑھانے اورایس ائو پی کے مطابق آپریشنل تیاری کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ پولیس کے مطابق 2024–25 کے سیکورٹی آگمینٹیشن پلان کے تحت وی ڈی جیز کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔