جاوید اقبال
مینڈھر//انڈین آرمی کی جانب سے بھمبر گلی بریگیڈ کے زیرِ اہتمام مینڈھر فیسٹ 2025 جمعرات کو شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ 18 روز تک جاری رہنے والا یہ عظیم الشان تہوار نہ صرف مقامی نوجوانوں بلکہ پورے علاقے کے لوگوں کے لئے کھیل، ثقافت اور کمیونٹی ہم آہنگی کا بھرپور ذریعہ ثابت ہوا۔ میلے کے کامیاب انعقاد نے مینڈھر کو کئی روز تک رونقوں کا مرکز بنائے رکھا۔میلے کے دوران کھیلوں کے متعدد مقابلے منعقد ہوئے جن میں والی بال، کھو کھو، کبڈی، ایتھلیٹکس اور کرکٹ شامل تھے۔ علاقے بھر سے پچاس سے زائد ٹیموں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہوئے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا۔ میلے کی نمایاں خصوصیات میں 9 دسمبر کو ہونے والی پہلی مینڈھر میراتھن بھی شامل رہی، جس میں 600 سے زائد شرکاء نے بھرپور جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ یہ میراتھن کمانڈر بھمبر گلی بریگیڈ نے فلیگ آف کی، جبکہ اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔گرینڈ فینالے میں رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں کے ساتھ آرمی ڈاگ شو نے بھی شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ اختتامی تقریب میں کھیلوں کے تمام زمروں کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں نے اپنے اسٹال بھی قائم کیے، جن میں نوجوانوں کے لیے کیریئر گائیڈنس، روزگار کے مواقع اور بااختیار بنانے سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔میلے کے دوران سابق فوجیوں کا ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس نے انڈین آرمی کی جانب سے سابقہ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے عزم کو مزید اجاگر کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جی او سی ایس آف اسپے ڈویڑن میجر جنرل کوشک مکھرجی تھے، جنہوں نے دیگر معززین کے ہمراہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں مستقبل میں بہترین کارکردگی کے لیے حوصلہ افزائی کی۔