عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //کٹرہ قصبے میں بدھ کی دیر رات ایک افسوسناک حادثے میں ایک راہگیر تیز رفتار اومنی وین کی زد میں آ کر موقع پر ہی جان کی بازی ہار بیٹھا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ایک عمر رسیدہ شخص نے بمشکل خود کو چھلانگ لگا کر بچایا۔ یہ ہولناک منظر قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی ریکارڈ ہوا جس نے واقعے کی سنگینی کو مزید اجاگر کر دیا۔حادثے کے بعد متوفی کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ لواحقین نے انتظامیہ کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مرکزی چوک پر میت رکھ کر سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے ٹریفک کنٹرول میں ناکامی اور تیز رفتار ڈرائیونگ پر لگام نہ لگانے پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کٹرہ کی تنگ سڑکوں پر تیز رفتاری اور لاپرواہ ڈرائیونگ معمول بنتی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقت رہتے اقدامات کئے جاتے تو اس قسم کے سانحات کو روکا جا سکتا تھا۔مظاہرین نے متوفی کے اہل خانہ کے لئے مناسب مالی معاوضہ اور ایک سرکاری نوکری فراہم کرنے کا پْرزور مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منوہر لعل کی ناگہانی موت سے اس کا گھرانہ معاشی بدحالی کا شکار ہو گیا ہے اور انتظامیہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کرنی چاہیے۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت منوہر لعل (45) ولد پریم ناتھ ساکن وارڈ نمبر 3 کٹرہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اسے جس اومنی وین نے ٹکر ماری، اس کا رجسٹریشن نمبر JK20 9671 ہے۔کٹرہ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے اور ڈرائیور کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ حادثے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔