اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے خلاف اس وقت کارروائی عمل میں لائی گئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں مبینہ طور پر اسے ایک موٹر سائیکل سوار کو سرِ عام تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ عوامی مقامات پر پیش آنے والے اس واقعے نے مقامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی 3تاریخ کو انظر مجید ملک کی جانب سے پولیس پوسٹ ڈی ایچ ڈوڈہ میں ایک تحریری شکایت درج کرائی گئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ غلام علی ولد محمد مقبول ڈار ساکن صادق آباد ڈوڈہ نے اسے ناحق روکا اور اس پر حملہ کیا۔شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 272/2025پولیس سٹیشن ڈوڈہ میں درج کر لی گئی اور تفتیش شروع کر دی گئی۔تفتیش کے دوران ملزم کی شناخت محکمہ پولیس کے ایک اے ایس آئی کے طور پر ہوئی ہے۔ضلع پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس بدانتظامی کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی فرد و اہلکار کو قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔