عظمیٰ نیوز سروس
جموں//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCC&I)کے ایک وفد نے جمعرات کو جموں میں جموں کشمیربینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او امیتاوا چٹرجی سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت کے سی سی آئی کے صدر جاوید احمد ٹینگا کر رہے تھے اور اس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان عرفان احمد گجو، آفاق سرور، سابق صدر بری برہمنا انڈسٹریل ایسوسی ایشن انیل سوری اور کے سی سی آئی کے ممبران شامل تھے۔ وفدنے کہا کہ چٹرجی کی قیادت میں بینک نے جو پیش رفت اور استحکام حاصل کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ وفد نے بینک کی مضبوط کارکردگی، خدمات میں توسیع اور ادارہ جاتی بہتری کا اعتراف کیا۔ چیمبر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بینک کی ادارہ جاتی ترقی کے باوجود کشمیر میں کاروباری ماحول اپریل 2025سے غیر معمولی تنا ئوکا شکار ہے۔چیمبر نے اس بات پر زور دیا کہ صورتحال اب اس موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں کاروباری اداروں کو فوری طور پر بینکنگ سیکٹر سے ہمدردی اور مربوط تعاون کی ضرورت ہے۔KCCIنے ایک آزادانہ اور جامع OTS فریم ورک کے لیے زور دیا جس میں MSMEرہنما خطوط کے مطابق اور بغیر کسی سوار کے لچکدار ادائیگی کی ٹائم لائنز شامل ہوں۔