عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر(سی آئی کے) نے منگل کو ایک ڈاکٹر اور اس کی اہلیہ کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا۔سی آئی کے کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا، “کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر نے سرینگر، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں چار مقامات پر مربوط تلاشی کارروائیاں کیں۔”انہوں نے کہا “آپریشن کے دوران شیرین باغ سرینگر کے سپر سپیشلٹی میں کام کر رہے ڈاکٹر عمر فاروق بھٹ ساکن بوگام کولگام اور انکی اہلیہ شہزادہ اختر حال شیریں باغ کو حراست میں لیا گیا”۔ انہوں نے مزید کہا، “ان سے بازیابیوں میں پانچ موبائل فون، پانچ سم کارڈ، ایک ٹیبلیٹ ڈیوائس، اور اضافی ڈیجیٹل اور دستاویزی ثبوت اور لٹریچر شامل ہیں‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہے”دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکٹر عمر فاروق ،جو کہ ایک سرکاری ملازم ہیں، آن لائن غیر قانونی سرگرمیوں اور، اپنے سرکاری عہدے اور سماجی جواز کا غلط استعمال کرتے ہوئے امن عامہ اور قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ رویے میں ملوث پائے گئے۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ حراست میں لیے گئے افراد اپنے عہدوں کا غلط استعمال کر رہے تھے۔ ترجمان نے کہا،” مشتبہ، شہزادہ اختر، پرخاص طور ، پر الزام ہے کہ وہ مقامی خواتین کو آن لائن اور آف لائن مصروفیات کے ذریعے بنیاد پرست بنانے، تفرقہ انگیز بیانیہ کو آگے بڑھانے، اور کمیونٹی کی بات چیت کے بہانے کمزور گروپوں کو متاثر کرنے میں ملوث ہے۔کالعدم دخترانِ ملت سے اس کی وابستگی فی الحال زیرِ تفتیش ہے۔ “تمام برآمد شدہ آلات کا تفصیلی فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے، جس سے توقع ہے کہ منظم پروپیگنڈے کی کوششوں سے منسلک ایک وسیع ڈیجیٹل نیٹ ورک کھولے گا۔ ابتدائی لیڈز تعاون کرنے والوں اور ہمدردوں کے وسیع تر ایکو سسٹم کے امکان کی نشاندہی کرتی ہیں، جن کی سرگرمیوں کا مقصد انتہا پسندانہ مواد اور عوامی تاثرات کو بڑھانا تھا۔”ترجمان نے کہا ” ایف آئی آر نمبر 05/2025 کے سلسلے میں این آئی اے ایکٹ کے تحت نامزد عدالت کی طرف سے جاری کردہ وارنٹوں پر تلاشی لی گئی۔