سرینگر//سینئر کانگریس رہنما غلام محمد سروڑی کی قیادت میں خطہ چناب سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں معروف سیاسی رہنما سرینگر میں پارٹی دفتر پر کانگریس میں شامل ہوگئے، جہاں ان کا خیرمقدم جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کیا۔ جے کے پی سی سی صدر طارق حمید قرہ، کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر و اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری غلام احمد میر اور دیگر سینئر رہنماؤں نے سرینگر میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر چناب ویلی کے سینکڑوں ممتاز سیاسی رہنماؤں کو کانگریس میں خوش آمدید کہا۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کی قیادت سابق وزیر و سینئر کانگریس لیڈر غلام محمد سروڑی نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے کے پی سی سی صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ یہ شمولیت کانگریس کی عوام دوست پالیسیوں، سیکولر نظریے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق و وقار کے تحفظ کے لیے اس کی مخلصانہ جدوجہد پر لوگوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔قرہ نے کہا ’عوام اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ جس خطے کو کبھی اپنی منفرد شناخت پر ناز تھا، اسے اس کے آئینی و سیاسی مقام سے محروم کر دیا گیا ہے‘‘۔کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر و اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری غلام احمد میر نے بھی خطاب کرتے ہوئے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو مبارکباد دی اور ان کے فیصلے کو جموں و کشمیر کی سیاست کے لیے نیک شگون قرار دیا۔