عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//وزیر برائے جل شکتی جموں و کشمیر جاوید احمد رانا نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے جل شکتی چندرکانت رگھوناتھ پاٹل سے ملاقات کی تاکہ جموں و کشمیر کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا جا سکے۔جاوید رانا نے مرکزی وزیر کو حالیہ شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں پانی کی فراہمی اور آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے شدید نقصان کے بارے میں بتایا اور اِس بات پر زور دیا کہ جاری بالخصوص ’جل جیون مشن‘ کے تحت سکیموں کی تکمیل کے لئے مستقل مالی امداد کی فوری ضرورت ہے۔ دورانِ میٹنگ جاوید رانا نے آگاہ کیا کہ اگست اور ستمبر 2025ء کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں آئے غیر معمولی سیلاب نے معمولاتِ زِندگی کو بُری طرح متاثر کیا، اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا اور پینے کے پانی، آبپاشی اور سیلاب سے بچاؤ کے نظام کو بڑے پیمانے پر تباہ کیا۔وزیر موصوف نے بتایا کہ اس نقصان نے دونوں صوبوںجموں اور کشمیرمیں محفوظ پینے کے پانی اور آبپاشی تک رسائی کو بُری طرح متاثر کیا ہے جس سے عوامی صحت، زراعت اور دیہی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود کو فوری چیلنجز درپیش ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ جموںوکشمیرکا جل شکتی محکمہ متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بحالی کے لئے ایمرجنسی اقدامات کر رہا ہے۔جاوید رانا نے مرکزی وزارتِ جل شکتی سے ایک خصوصی مالی پیکیج کی درخواست کی تاکہ مکمل بحالی اور طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف معمولاتِ زِندگی کی بحالی کے لئے ضروری ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور شدید موسم کے اثرات سے نمٹنے کے لئے بھی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔اُنہوں نے سیلاب سے متعلق مسائل کے ساتھ ساتھ’’جل جیون مشن‘‘کے تحت فنڈنگ کی کمی کا بھی مسئلہ اُٹھایا جس کا مقصد جموں و کشمیر کے ہر دیہی گھرانے کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے۔ اگرچہ کئی سکیمیں تکمیل کے قریب ہیں لیکن مرکزی اِمداد میں کمی اور فنڈز کی تاخیر سے اَدائیگیوں میں رُکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں اور مارچ 2025ء تک مکمل نفاذ کا ہدف متاثر ہو رہا ہے۔جاوید رانا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر نے جل جیون مشن کے تحت شاندار پیش رفت کی ہے اور کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کئے گئے ہیں۔اُنہوںنے فوری اضافی فنڈز کی فراہمی پر زور دیا تاکہ بقایا ادائیگیاں کی جا سکیں اور کام کی رفتار برقرار رکھی جا سکے۔اُنہوں نے مرکزی وزیر سے ذاتی طور پر مداخلت کی درخواست کی تاکہ فنڈز کی بروقت فراہمی اور اِضافی مالی اِمداد کی منظوری کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ جموں و کشمیر میں جل جیون مشن کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ ہو۔جاوید رانا نے چندرکانت رگھوناتھ پاٹل کی طرف سے دی گئی توجہ، یقین دہانی اور مثبت ردِّعمل پر شکریہ َادا کیا۔اُنہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کی’’ہر گھر جل‘‘ کے ہدف اور آب و ہوا سے مزاحم پانی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے پختہ عزم کا اعادہ کیا تاکہ ہر شہری کو محفوظ پینے کے پانی کا حق حاصل ہو۔مرکزی وزیر نے جموں و کشمیر کے لوگوںکی اِمداد کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی اور اس بات کو تسلیم کیا کہ اِس وقت فوری اور مستقل اقدامات کی ضرورت ہے۔