عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر //پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں پانچ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ گھانی روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ایک زیلو گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے جا ٹکرائی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گاڑی کی رجسٹریشن نمبر JK02AW-1387 ہے جسے صفیر احمد ولد منظور حسین سکنہ دھرا دلیاں، لوئر دیوتا گھانی چلا رہا تھا۔ گاڑی جھلاس سے مینڈھر کی جانب جا رہی تھی کہ گھانی کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے وقت گاڑی میں بلنوئی میں تعینات پانچ فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں تمام فوجی اہلکار زخمی ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو مقامی سطح پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد میں مزید علاج کیلئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔مقامی لوگوں نے حادثے کے فوراً بعد ریسکیو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر ہسپتال پہنچانے میں مدد کی۔ علاقے میں کچھ وقت کے لئے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی، تاہم پولیس اور مقامی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی۔انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر بتایا جا رہا ہے کہ گاڑی بے قابو ہو گئی تھی، تاہم حتمی رپورٹ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔مقامی ذرائع کے مطابق گھانی روڈ پر اکثر اس طرح کے حادثات پیش آتے ہیں کیونکہ سڑک تنگ اور خستہ حال ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس سڑک کی مرمت اور توسیع کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ مینڈھر سب ڈویژن میں فوجی اور سول گاڑیوں کی بڑی تعداد روزانہ اس راستے سے گزرتی ہے، جس کی وجہ سے اس روٹ کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت بہتر نہ ہونے سے ہر وقت حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔اس حادثے کے بعد مقامی آبادی اور سماجی تنظیموں نے فوجی اہلکاروں کی خیریت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔