عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ضلع پولیس اننت ناگ نے ضلع میں ملی ٹنسی سے متعلقہ واقعات سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی مدد کے لیے ضلع دفتر میں ایک وقف ہیلپ لائن قائم کی ہے۔متاثرین یا ان کے لواحقین شکایات کے اندراج یا مدد حاصل کرنے کے لیے فون نمبر 01932 222870 پر ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘ ضلع پولیس اننت ناگ نے ضلع کے اندر دہشت گردی سے متعلقہ واقعات سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی مدد کے لیے ضلع پولیس آفس میں ایک وقف ہیلپ لائن قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین یا ان کے لواحقین شکایات کے اندراج یا مدد حاصل کرنے کے لیے فون نمبر 01932 222870پر ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ضلع پولیس اننت ناگ ایسے خاندانوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے اور ضروری کارروائی کے لیے تمام موصول ہونے والی معلومات کو متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ حکومتی پالیسیوں کے تحت جائز حقداروں تک رسائی اور بروقت ازالے کو یقینی بنانا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نےبدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملی ٹنٹوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے عام کشمیریوں کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے متعدد اہم فیصلے لئے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ایل جی سیکریٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کی جائے گی جو دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرے گی۔
اننت ناگ پولیس نے ملی ٹنسی سے متاثرہ کنبوں کے لئے ہلپ لائن قائم کی
