عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے کٹھوعہ ضلع میں امرناتھ یاترا سے قبل سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس سال کی 38 روزہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو رہی ہے اور 9اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں سے 2جولائی کو بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواس سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ذریعہ ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا۔ڈی جی پی نے آئی جی پی جموں زون بھیم سین توتی، ڈی آئی جی جے کے ایس رینج شیو کمار شرما، ڈی آئی جی سی آر پی ایف اودھیش پاٹھک اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں سیکورٹی اور انتظامی انتظامات کا زمینی جائزہ لینے کے لیے استقبالیہ مرکز لکھن پور کا دورہ کیا۔ڈی جی پی پربھات نے مختلف سیکورٹی فورسز اور سول محکموں کے تمام نوڈل افسران کے ساتھ مزید بات چیت کی جس میں ڈی سی کٹھوعہ راکیش منہاس، ایس ایس پی کٹھوعہ شوبھت سکسینہ، اتل کمار کمانڈنٹ آئی آر19، منجیت کور پرنسپل پی ٹی ایس کٹھوعہ اور فوج، سی اے پی ایف اور پولیس کے دیگر سینئر افسران شامل تھے۔انہوں نے انہیں سیکورٹی کی تعیناتی اور یاتریوں کی سہولت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔