عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے ساتھ جڑنے سے بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے اور وہ کم عمر میں ہی بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو این سی سی کے ساتھ جڑنا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں تمام ریاستوں کے این سی سی کیڈٹس کے خصوصی نیشنل انٹیگریشن کیمپ میں شرکت کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہااین سی سی کے ساتھ جو بچے جڑے ہیں ان کو بہت فائدہ ہوتا ہے، ان میں ڈسپلن، خود اعتمادی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہوجاتا ہے اور ایسے اوصاف پیدا ہوجاتے ہیں جو انہیں زندگی بھر فائدے دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکم عمر میں ہی بچے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں، جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ این سی سی کے 10 کیڈٹس جن میں دو جموں و کشمیر اور لداخ سے تعلق رکھتے تھے، نے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی پر جھنڈا لہرایا، ان میں کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والا ہمارا ایک بیٹا اور لداخ سے تعلق رکھنے والی ہماری ایک بیٹی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ این سی سی سے جڑنے سے بچوں میں کس قدر خود اعتمادی کا جذبہ پید ہوجاتا ہے۔
عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سال کے جواب میں کہامغل روڈ کے لئے کافی عرصہ سے ایک ٹنل تعمیر کرنے کی مانگ کی جا رہی تھی تاکہ یہ روڈ سال بھر کھلا رہ سکے، آج اس ٹنل کو منظوری ملی، ٹنگڈار کو جوڑنے کے لئے بھی ٹنل کی تعمیر کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اس مطالبے کو بھی منظور کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ کئی دیگر پروجیکٹوں کو بھی منظوری ملی ہے۔انہوں نے کہا10 ہزار 6 سو کروڑ روپیے ایک بڑی رقم ہے ہمیں اب گریز اور دوسرے علاقوں کے لئے ٹنلوں کی تعمیر کے لئے بات کرنی چاہئے۔ریاستی درجے کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھااس پر بات چیت ہو رہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت اختتام کو پہنچے اور ہمیں اپنا حق مل جائے۔
این سی سی کے ساتھ جڑنے سے بچوں میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے: عمر عبداللہ
