عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ریل سے جوڑنے کر متحد ہندوستان کا خواب اب محض نعرہ نہیں ہے بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خواب وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت کی بدولت پورا ہوا ہے جنہوں نے کشمیر ریل پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کیا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے چناب ریل پل اور انجی برج کا افتتاح کرنے کے بعد سپورٹس اسٹیڈیم کٹرہ میں لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر اور کشمیر ریل پروجیکٹ کو ملک کے نام وقف کر کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جسمانی اور جذباتی طور پر ملک کے دونوں سروں کو جوڑ دیا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس طرح آج سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی طرف سے تصور کردہ قومی یکجہتی کے دیرینہ خواب کو پورا کیا گیا’۔جموں و کشمیر میں ترقی کی رفتار پر روشنی ڈالتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: ‘صرف پچھلے تین برسوں میں جموں وکشمیر میں 1,16,000 کروڑ روپیے مالیت کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جو ایک مثالی کارنامہ ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ پل، شاہراہیں، سرنگیں، اور ریل رابطے صرف بنیادی ڈھانچہ نہیں ہیں بلکہ جموں وکشمیر کی ترقی کی ایک نئی علامت ہیں’۔
ان کا زور دے کر کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر میں جدت و اضافے نے ترقی کے نئے ستونوں کی بنیاد رکھی ہے اور خطے کے لوگوں کے لیے “تقدیر کی نئی لکیر” کھینچ دی ہے۔پہلگم دیشت گردانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے منوج سنہا نے کہا: ’22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے میں 26 معصوم جانیں تلف ہوئیں، پھر آپریشن سندور کے تحت ہمارا جواب بہت تیز اور مضبوط تھا جس نے ایک مناسب پیغام دیا کہ جموں و کشمیر کی سرزمین پر دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا’۔
انہوں نے وزیر اعظم مودی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف جموں و کشمیر کو تعمیر و ترقی کے عروج پر پہنچایا ہے بلکہ اس کے لوگوں کے دلوں میں نئی امید، فخر اور مواقع بھی پیدا کئے ہیں’۔
کشمیر سے کنیا کماری تک اب محض ایک نعرہ نہیں بلکہ حقیقت ہے: منوج سنہا
