عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعظم نریندر مودی کے 6جون کو متوقع جموں و کشمیر کے اہم دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چناب پل کی تاریخی افتتاحی تقریب اور وندے بھارت ٹرینوں کی روانگی کے پیش نظر پولیس، سی آر پی ایف، ریلوے پروٹیکشن فورس اور دیگر ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ کٹرا، ریاسی اور ادھم پور سمیت حساس علاقوں میں چپے چپے پر سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آمد سے قبل مشتبہ نقل و حرکت کی روک تھام، اہم تنصیبات کی نگرانی، اور تقریب کے مقامات کی مکمل سیلنگ کے لیے ڈرون، سی سی ٹی وی اور انٹیلی جنس ٹیمیں فعال کی گئی ہیں۔ جموں سے کٹرا تک شاہراہوں پر فلیگ مارچ اور خصوصی ناکہ بندی بھی جاری ہے۔ادھرعلاقے میں سیکورٹی کے غلبے کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی ٹیموں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع میں ساٹھ سے زائد مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔یہ کارروائیاں دونوں اضلاع کی اسپیشل آپریشن گروپ ٹیموں نے متعلقہ ضلعی پولیس افسران کی نگرانی میں انجام دی ہیں۔حکام کے مطابق، جن مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں وہ یا تو اوور گراؤنڈ ورکرز کے زیرِ استعمال ہیں یا ایسے عناصر کے جو لائن آف کنٹرول کے اْس پار، پاکستان یا پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے سرگرم ہیں۔راجوری ضلع میں تقریباً 35جبکہ پونچھ ضلع میں 25مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 6 جون کو ضلع ریاسی کے دورے کے پیش نظر راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو دنیا کے سب سے اونچے ریلوے آرچ پل — چناب پل کا افتتاح کریں گے، جو 359میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور اسے انجینئرنگ کا ایک عالمی شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پل 1,315میٹر طویل ہے اور اسے زلزلوں اور شدید ہواؤں کے خلاف مزاحمت کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔اسی روز وزیر اعظم کٹرا سے وادی کشمیر کے درمیان دو وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر آغاز کریں گے، جو کٹرا اور سرینگر کے درمیان سفری وقت کو دو سے تین گھنٹے تک کم کر دیں گی۔ اس اقدام کو جموں و کشمیر کی اندرونی رابطہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم جموں و کشمیر کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں تعمیر شدہ بھارت کے پہلے کیبل اسٹے ریلوے پل ’’انجی پل‘‘ کا بھی افتتاح کریں گے، جو ایک اور انجینئرنگ کامیابی ہے۔دورے کے دوران وزیر اعظم کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کی بنیاد بھی رکھیں گے، جو 350کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ یہ ریاسی ضلع کا پہلا میڈیکل کالج ہوگا، جو علاقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نئی جہت فراہم کرے گا۔وزیر اعظم سرحدی اور دور دراز علاقوں میں آخری حد تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اہم سڑک منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے، جس سے علاقے میں بنیادی ڈھانچے اور نقل و حمل کی سہولیات کو فروغ ملے گا۔