عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی//ایسا لگتا ہے کہ مرکزی حکومت ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (EPFO ) کے تحت ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ کی حد بڑھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ خبر ہے کہ حکومت جلد ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ لے سکتی ہے۔ اس وقت یہ حد 15 ہزار روپے ہے۔ لیکن اسے بڑھا کر 30 ہزار روپے کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں سے اسے بڑھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم میڈیا رپورٹس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر اس جانب توجہ مرکوز کی ہے۔ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے ای پی ایف او کے ساتھ کمپنیوں کی رجسٹریشن لازمی ہے۔ لیکن اب ایسا بھی مانا جا رہا ہے کہ ملازمین کی تعداد کی حد میں کمی کی جا سکتی ہے۔ فی الحال، 20 یا اس سے زیادہ ملازمین والی کمپنیوں کو ای پی ایف اومیں شامل ہونا ضروری ہے۔ لیکن اس تعداد کو 20 سے کم کر کے 15 کرنے کا امکان ہے۔تاہم ایسی بھی خبریں گشت کر رہی ہیں کہ چھوٹی اور درمیانی کمپنیاں اس تجویز کی سخت مخالفت کر رہی ہیں۔ تنخواہ کی حد میں اضافے سے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے پر بھی بوجھ پڑے گا۔ اس کا فائدہ صرف ملازمین کو ہوگا۔