عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جے اینڈ کے بینک نے سی این ایچ انڈسٹریل پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔ اس ادارے180 سے زائد ممالک میں موجودگی کے ساتھ دنیا کے سرکردہ زرعی مشینری بنانے والے اداروں میں سے ایک کے طور اپنی شناخت بنائی ہے۔ مفاہمت کی یادداشت بینک کو ملک بھر میںسی این ایچ انڈسٹریل کے نیو ہالینڈ ٹریکٹرز کیلئے ترجیحی فنانسرز میں سے ایک کا درجہ دیتی ہے، جس سے زرعی برادری کیلئے بینک کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔بینک کے جنرل منیجر (ایم ایس ایم سی/ایگری/سی بی) آشوتوش سرین کی صدارت میں ایک رسمی تقریب کے دوران مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے۔ ڈپٹی جنرل منیجر راکیش مگوترا نے بینک کی جانب سے دستاویز پر دستخط کیے، جبکہ علاقائی مینیجر دھرم ویر سنگھ گورون نے سی این ایچ انڈسٹریل پرائیویٹ لمیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پرآشوتوش سرین نے کہاکہ یہ شراکت داری زرعی شعبے کو بااختیار بنانے پر ہماری مضبوط توجہ کی نشاندہی کرتی ہے۔ نیو ہالینڈ ٹریکٹرز کے جدید تکنیکی حل کو ہمارے ہموار اور کسٹمر سینٹرک فنانسنگ آپشنز کے ساتھ جوڑ کر، ہمارا مقصد پورے ملک میں زرعی ترقی اور پیداواری صلاحیت میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔راکیش مگوترا نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ زرعی شعبے کے لیے مالیاتی حل کو ترجیح دی ہے، معیشت میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کیا ہے۔ اس ٹائی اپ کا مقصد کاشتکار برادری کی زیادہ بھلائی ہے اور اس کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو جدید ترین ٹریکٹرز تک رسائی کی پیشکش کر رہے ہیں ۔سی این ایچ انڈسٹریل کے ریجنل منیجر دھرم ویر سنگھ گورون نے کہاکہ ہم جے کے بینک جیسے مارکیٹ لیڈر کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے پرجوش ہیں، جو جموں و کشمیر اور لداخ میں اپنی مضبوط موجودگی اور مضبوط کارکردگی کیلئے جانا جاتا ہے۔