عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن نے کل نئی تشکیل شدہ حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کی تقرری پر دلی مبارکباد پیش کی۔ کے ٹی ایم ایف کے موجودہ صدر محمد یاسین خان کے ہمراہ بشیر احمد راتھر اور قاضی توصیف تھے۔نئی حکومت کا خیرمقدم کرتے ہوئے محمد یاسین خان نے عمر عبداللہ کی قیادت میں تاجروں اور تجارت کے مستقبل کے بارے میں اپنی امید کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا’ ہم تاجروں اور مینوفیکچررز کو درپیش کلیدی خدشات کو دور کرنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کے منتظر ہیں، بشمول اقتصادی احیاء ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پالیسی اصلاحات جو جموں و کشمیر میں ترقی کو تحریک دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا”ہمیں یقین ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کشمیر میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرے گی۔خان نے کہا کہ KTMF تجارت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔