محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے نزدیک دو مسافر گاڑیوں کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں کم از کم چھ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو شدید زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ دوپہر بعد قریب دو بجے بانہال میں فورلین سڑک پر ایک ٹاویرا اور ایک سوفٹ کے درمیان آمنے سامنے کے تصادم میں دونوں گاڑیوں میں سوار چھ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں شری امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اپنی خدمات انجام دینے والی پولیس اور بانہال والنٹیرس کے رضاکاروں نوجوانوں کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچ گئیں اور بچائو کاروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر وہاں تعینات فورلین ٹنل کی دیکھ ریکھ کیلئے ذمہ دار آتھان کی ایمبولینس کو بلایا گیا اور تمام چھ زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے دو زخمیوں کو شدید زخمی ہونے کی وجہ سے مزید علاج و معالجہ کیلئے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کر دیا ہے جبکہ بقیہ چار زخمیوں کو بانہال جے ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈاکٹروں کی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ پولیس نے اس سڑک حادثے میں زخمیوں کی شناخت بلال احمد ولد عبد الخالق سکنہ شوپیان ، وشال وشوکرما ولد شام وشوکرما ساکنہ ممبئی ( دونوں کو شدید زخمی حالت کے پیش نظر جی ایم سی اننتناگ منتقل کیا گیا ہے ) اس کے علاؤہ اس حادثے میں پون ساہنی ساکنہ اتر پردیش ، ساچک رابن ساکنہ کلکتہ ، آر بٹاچاریہ اور سی بٹا چاریہ ساکنان کلکتہ کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے ایک کیس درج کرکے ضابطہ کی کارروائی شروع کی ہے۔