اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل مرمت کے درجنوں دیہات سے آئے طلباء و طالبات نے جمعہ کو مرمت ڈوڈہ شاہراہ پر کلہوتہ کے مقام پر ٹرانسپورٹ سروس کی عدم دستیابی کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران انہوں نے حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی کلومیٹر پیدل سفر کرکے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کھیلینی و دیگر تعلیمی اداروں تک جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی مسافر گاڑیاں سکولی بچوں کو اپنی گاڑیوں میں نہیں بٹھاتے ہیں جس کے نتیجے میں طلباء و طالبات کو مجبوراً پیدل سفر کرکے سکول پہنچنا پڑتا ہے۔ احتجاج کررہے طلباء نے ڈوڈہ مرمت شاہراہ پر دو گھنٹے تک دھرنا دیا اس دوران ٹریفک کی نقل و حرکت بھی کچھ دیر کے لئے معطل رہی۔ احتجاج کررہے طلاب نے ضلع انتظامیہ سے سکولی بچوں کے لئے خصوصی بس سروس شروع کرنے کی مانگ کی. اس دوران انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی دی گئی جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔