عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) رام بن نے پٹنی ٹاپ-سناسرسڑک پر 11ویں کلومیٹر سے 14ویں کلومیٹر تک اپ گریڈیشن کا کام شروع کیا، جس کی تخمینہ لاگت19.91کروڑ روپے ہے ۔اس منصوبے میں ایک کنکریٹ سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے اور یہ مقامی نقل و حمل کو نمایاں طور پر بڑھانے کے لئے تیار کی جائے گی ۔ممبر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل بٹوٹ، جگبیر داس نے ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) رام بن، ابھیشیک گپتا، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر بٹوٹ، ستبیر سنگھ، اور اسسٹنٹ انجینئر ابھینندن گپتا، دیگر عہدیداروں اور مقامی معززین کی موجودگی میں تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔اس سڑک کی تزئین و آرائش مقامی شہریوں اور سیاحوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جس پر سارا سال شدید برف باری اور بارش ہوتی ہے۔ سڑک کے اس حصّے کوکنکریٹ کی سڑک کے طورپرپر اپ گریڈ کیا جائے گا۔پٹنی ٹاپ-سناسر سڑک 19 کلومیٹر کا ایک اہم حصہ ہے، جس میں پہلے 10 کلومیٹر کا انتظام گریف (بی آر ائو) اور بقیہ 9 کلومیٹر پی ڈبلیو ڈی(R&B) کے زیر انتظام ہے۔اس منصوبے کا مقصد سڑک کو بہتر نکاسی اور حفاظتی خصوصیات کے ساتھ درمیانی کنکریٹ کی سڑک پر اپ گریڈ کرنا ہے۔ڈی ڈی سی ممبر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ منصوبہ آسان نقل و حمل، سیاحت کو فروغ دینے، روزگار پیدا کرنے اور سال بھر رابطے کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی حکومت نے بھی ناشری کی طرف سے سناسر کے رابطے کو بہتر بنانے کا عہد کیا ہے۔پٹنی ٹاپ اور سناسر صوبہ جموں کے اہم سیاحتی مقامات ہیں، جو اپنی قدرتی خوبصورتی، مہم جوئی اور مذہبی سیاحت کے لئے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔