عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک شخص منگل کی دیر شام سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کی اے کے 47 رائفل لے کر فرار ہو گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پرانو علاقہ کے ترون گاؤں کا رہائشی محمد رفیع بھیلہ سے اپنی گاڑی میں اپنے گاؤں کی طرف آرہا تھا۔ اس کے ساتھ ایک ایس پی او بھی تھا، جو ہتھیار لے کر جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا، ’’جب وہ پل ڈوڈہ پہنچے تو ایس پی او صفدر حسین کچھ ضروری سامان خریدنے گاڑی سے باہر نکلا اور اسی دوران رفیع اپنی کار میں رائفل سمیت فرار ہوگیا‘‘۔
عہدیداروں نے بتایا، “گاڑی بھیلہ کے علاقے جگوٹا کے قریب سے برآمد ہوئی ہے، لیکن نہ تو رفیع اور نہ ہی گاڑی سے کوئی اسلحہ ملا ہے”۔
انہوں نے کہا، ’’ہو سکتا ہے وہ اپنے گاؤں میں کہیں چھپا ہو، لیکن ابھی تک اس کا سراغ نہیں لگایا جا سکا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا، “اسے پکڑنے اور ہتھیار برآمد کرنے کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ٹرون گاؤں کے مقامی لوگوں نے رفیع سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خاندان کے پاس واپس آ جائے اور اگر ان کے مسائل ہیں تو ان کو حل کیا جائے گا”۔