عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرمائی کھیلوںکیلئے مشہور مقام گلمرگ21 فروری سے شروع ہونے والے کھیلو انڈیا کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کے لیے ایک بار پھر تیار ہے۔تقریباً ایک ہزار کھلاڑی، اہلکار اور معاون عملہ موسم سرما کے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے جن میں سنو بورڈنگ، الپائن سکی، نورڈک سکی اور سنو ماؤنٹینیرنگ شامل ہیں۔ بیس ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے الپائن اسکی، نورڈک اسکی اور سنو بورڈنگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ10 ریاستیں اسکی کوہ پیمائی کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ،اسپورٹس کونسل ، محکمہ سیاحت، گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اسٹیک ہولڈر محکموں کے اشتراک سے منعقد ہونے والی تقریب کا آغاز شوبنکر کے اجراء کے ساتھ ہوگا جب کہ ترانہ اور دیگر پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا چوتھا ایڈیشن ملک کے دیگر حصوں میں منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا گیمز کی طرح ہی ہوگا۔ کھلاڑیوں اور اس سے منسلک اہلکاروں کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ وغیرہ جیسے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ نے گزشتہ دنوں اس سلسلے میں لائن ڈپارٹمنٹوں کے نمائندوں کے ساتھ کئی میٹنگیں کیں جبکہ سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گل موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی نگرانی کر رہی ہیں۔کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے جو کشمیر کے دورے پرہیں نے اپنے پیغام میں کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کھیل سے لطف اندوز ہوں اور اپنے یہاں قیام کو یادگار بنائیں۔افتتاحی اور اختتامی تقریبات کا آغاز مقامی فنکاروں کی طرف سے ثقافتی پرپروگراموںسے کیا جائے گا۔ 20 فروری کو ایک خصوصی ثقافتی شام کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ حصہ لینے والے کھلاڑی اور آفیشلز اور آنے والے سیاح بھی شرکت کریں گے۔