مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//تازہ برفباری کے ساتھ ہی غیر ملکی اسکیر گلمرگ پہنچ گئے ہیں۔3 روز میں ایک سو کے قریب اسیکنگ کے شوقین غیرملکی کھلاڑی گلمرگ وارد ہوئے ہیں۔اس دوران کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔امسال کھیلو انڈیا سرمائی کھیل کا چوتھا ایڈشن 21 فروری سے 26 فروری تک جاری رہیگا۔ غیر ملکی اسکیروں کا کہنا ہے کہ گلمرگ کے قدرتی ڈھلوانوں پر اسکینگ کرنے کا مزہ ہی کچھ اورہے۔ اسکیروں کا مانناہے کہ گلمرگ کی برف کی ڈھلانیںدنیا بھر میں مشہور ہیں۔کھیلو انڈیا کے کمپٹیشن منیجر سکی مونٹیرنگ اینڈ جی ٹی سی سی ممبر سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا عمرمحمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اگرچہ ہر سال کھیلو انڈیا سرمائی کھیل 2 فروری سے 6 فروری کے درمیان منعقد ہوری تھیں تاہم اس سال طویل خشک سالی کے بعد گلمرگ میں تازہ برفباری ہونے کے بعد اب انتظامیہ نے کھیلو انڈیا سرمائی کھیل 21 فروری سے شروع کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی ہے اور اس میں شرکت کرنے کے لیے ملکی اور غیر ملکی اسکیروں نے تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔محکمہ سیاحت کے ایک ذمہ دارنے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گلمرگ میں سفید قالین بچھ جانے کے بعد غیر ملکی اسکیر جس میں جاپان،کینڈا، فرانس، آسٹریلیا،نیوزی لینڈ ،روس، ملیشیا کے سیاح شامل ہیں، گزشتہ 3 روز میں گلمرگ وارد ہوئے ہیں،جس سے گلمرگ میں سیاحتی سرگرمیاں شروع ہوئیں۔جبکہ کھیلو انڈیا میں شرکت کرنے کے لیے کھلاڑی 19 فروری تک گلمرگ پہنچ جائیںگے۔اس سال کھیلو انڈیا سرمائی کھیل احسن طریقے سے منعقد کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈروں نے انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔س