عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی صدیوں پرانی خواہش پوری ہو گئی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کے گزشتہ 10 سالوں میں کیے گئے کاموں کی تعریف کی۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت مودی کے دورِ حکومت میں تیز سے ترقی کر رہا ہے۔
پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں مشترکہ نشست سے اپنے پہلے خطاب میں، مرمو نے کہا کہ کوئی ملک اسی وقت تیز رفتاری سے ترقی کر سکتا ہے جب وہ ماضی کے چیلنجوں کو شکست دے اور مستقبل کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ توانائی لگائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ملک نے ایسے منصوبوں کی تکمیل دیکھی ہے جن کا عوام کئی دہائیوں سے انتظار کر رہے تھے۔ صدیوں سے رام مندر کی تعمیر کی خواہش تھی اور آج یہ حقیقت بن گئی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے پر خدشات تھے لیکن اب وہ تاریخ بن چکے ہیں۔
مرمو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے پارلیمنٹ ہاوس میں ایک چھوٹی گاڑی میں پہنچیں۔ صدر ایوان میں ‘سینگول’ کو اپنے سامنے لے کر داخل ہوئیں۔
اپنے خطاب میں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت معیشت ‘نازک پانچ’ میں شامل تھی لیکن اب حکومت کی طرف سے پچھلے 10 سالوں میں کی گئی متعدد اصلاحات کی وجہ سے صحیح سمت اور صحیح رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کے مطابق میری حکومت کے 10 سالہ دور حکومت میں تقریباً 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ملک میں افراط زر کی شرح دوہرے ہندسوں میں تھی جو اب 4 فیصد کے اندر ہے۔
مرمو نے خواتین ریزرویشن بل کی منظوری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی۔
ایوان کی اگلی قطاروں میں وزیر اعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزراءپیوش گوئل اور نتن گڈکری، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی شامل تھیں۔