عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ “جامع اور ہمہ گیر” ترقی کا اُن کا سفر لوگوں کے آشیرواد سے جاری رہے گا۔
پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن سے پہلے اپنے ریمارکس میں مودی نے ان اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو “عادتاً” کارروائی میں خلل ڈالتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، “گڑبڑ پیدا کرنے کی عادت ڈالنے والے، جمہوری اقدار کی دھجیاں اڑانے والے، ایسے تمام معزز ممبران پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کے اس آخری اجلاس میں یقینی طور پر خود کا جائزہ لینا چاہیے کہ انہوں نے پچھلے دس سالوں میں کیا کیا ہے”۔
انہوں نے کہا، “مجھے پختہ یقین ہے کہ ملک آگے بڑھ رہا ہے اور ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے … ملک ہمہ جہت اور جامع ترقی کا تجربہ کر رہا ہے”۔
مودی نے کہا کہ ہم نئی حکومت بننے کے بعد مکمل بجٹ پیش کرنے کی روایت پر عمل پیرا ہوں گے۔
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس، موجودہ لوک سبھا کا آخری اجلاس، بدھ کو صدر دروپدی مرمو کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔