عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں کے اسٹروٹرف، کے کے ہکوسٹیڈیم میںمنگل کو72ویں کل ہند پولیس ہاکی چیمپین شپ کاآغازایک رنگارنگ تقریب کے ساتھ ہوا۔ہاکی انڈیا کے صدر،سابق کپتان بھارتی ہاکی ٹیم،پدم شری دلیپ ترکی جو مہمان خصوصی تھے،نے ٹورنامنٹ کی شروع قراردیا،پولیس سربراہ آرآر سوین اس موقعہ پر مہمان ذی وقار تھے۔ٹورنامنٹ کے آغازمیںعظیم ہاکی کھلاڑی دھیان چند کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقعہ پرمہمان خصوصی دلیپ ترکی نے 72ویں کل ہند پولیس ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کاحصہ ہونے پرخوشی کااظہار کیا۔انہوں نے کل ہندپولیس سپورٹس کنٹرل بورڈ کی ملک میں ہاکی کو مقبول عام بنانے کیلئے اس پہل کی ستائش کی۔انہوں نے جموں کشمیر پولیس کوبھی25مختلف کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے سراہااورکل ہند ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کیلئے تعریف کی۔انہوں نے ملک کے ہاکی کے درخشاں ماضی کاذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہاکی واحدکھیل تھی،جو1928سے1960تک ملک کیلئے اعزازات حاصل کرتی تھی۔انہوں نے کہاہاکی نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کی کھیلوں میں ایک خصوصی جگہ بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کودوبارہ پوری طرح بحال کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں جس کیلئے ہاکی لیگ اور ٹورنامنٹس کاانعقاد کیاجارہا ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال2000میں انہیں جموں کے اسی سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کا کھلاڑی قرار دیاگیاتھاجب یہاں قومی ہاکی چیمپین شپ منعقد ہوئی تھی۔اس موقعہ پر پولیس سربراہ آرآر سوین نے دلیپ ترکی کااس تقریب کا حصہ بننے کیلئے دعوت قبول کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔پولیس سربراہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جموں کشمیر پولیس نے کامیابی کے ساتھ 16قومی سطح کے تورنامنٹوں کا انعقاد کیا ہے بشمول 49ویں بی این ملک کل ہند پولیس فٹ بال چیمپین شپ وغیرہ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کھیلوں کو فروغ دے کر اتحاد کااحساس پیداکرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس مرکزی زیرانتظام خطے میں کھیل کودکی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل ہند ہاکی چیمپین شپ جو11روزتک جاری رہے گی ،ملک کے مختلف ریاستوں اوریوٹیزکے لوگوں کو یکجا کرنے کا پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔اپنے استقبالیہ خطبے میں ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل پولیس آرمڈایس جے ایم گیلانی نے دلیپ ترکی اور دیگرمہمانوں کا اس تقریب میں شرکت کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔انہوں نے ہاکی کے بھارت کاقومی کھیل ہونے کو اجاگر کیا۔تقریب کے دوران حلف برداری کے علاوہ مارچ پاسٹ بھی ہوااورتمدنی پروگرام بھی پیش کیاگیا۔