عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی///سردی کم ہونے کے بعد پھر بڑھ گئی ہے۔ منگل کو دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان میں صبح سے ہی گھنی دھند چھائی ہوئی تھی۔ حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات آئی ایم ڈی نے اگلے چند دنوں تک موسم ایسے ہی رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ مغربی ہمالیہ کے علاقے اور شمال مغربی ہندوستان کی کئی دیگر ریاستوں میں سرد موسم جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ قومی راجدھانی میں سردی کی لہر جاری ہے۔ تاہم یوپی میں لوگوں کو سردی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ اترپردیش میں پیر کو دھوپ کی وجہ سے لوگوں کو کچھ راحت ملی ہے۔ راجدھانی لکھنؤ میں بوندا باندی کا امکان ہے۔دہلی میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22.6 ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ایک ڈگری زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری کم ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 100 سے 61 فیصد رہا۔ ائی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ بدھ کو دہلی کے کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی ور بارش ہو سکتی ہے۔ اس سے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا تاہم دن کے وقت سردی کی شدت برقرار رہے گی۔دوسری جانب مغربی بنگال کی راجدھانی کولکتہ میں موسم سرما میں کمی کے ساتھ ہی شہر میں بدھ سے بارش کے ساتھ گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔