پٹنہ// نتیش کمار نے نویں مرتبہ وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ وہیں جے ڈی یو کے ویجندر پرساد یادو، وجے کمار چودھری اور شرون کمار نے بطور کابینہ وزیر کا حلف لیا ہے۔
راج بھون میں منعقدہ تقریب میں بہار کے گورنر راجیندر وشواناتھ ارلیکر نے نتیش کمار کے بعد بی جے پی کے سمراٹ چودھری، وجے کمار سنہا، جے ڈی یو کے وجے چودھری، وجیندر یادو، شرون کمار، بی جے پی کے ہی پریم کمار، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سنتوش کمار اور سومن کمار اور آزاد سمیت کمار سنگھ نے کابینہ کے وزراء کے طور پر حلف لیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے حامیوں نے جئے شری رام اور مودی مودی کے نعرے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی ایچ اے ایم کے حامیوں نے جئے بھیم کے نعرے لگائے اور جے ڈی یو کے حامیوں نے نتیش کمار کے حق میں نعرے لگائے۔
حلف برداری کی تقریب میں بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین دیوش چندر ٹھاکر، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ، مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس، ایچ اے ایم کے قومی صدر جیتن رام مانجھی، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر چراغ پاسوان، جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ للن سنگھ، بی جے پی لیڈر منگل پانڈے اور راجیو پرتاپ روڈی اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔
کئی دنوں کی قیاس آرائیوں کے بعد، جے ڈی (یو) کے سربراہ نتیش کمار نے اتوار کو بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ تعلقات توڑتے ہوئے، نتیش اب بی جے پی کی حمایت سے حکومت بنائیں گے، جس کیلئے انہوں حلف لے لیا ہے۔
نتیش کمار نے مہاگٹھ بندھن اتحاد کے تحت حالات کے “صحیح نہیں” ہونے کو ان کے استعفیٰ کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی پارٹی کے کارکنوں سمیت ہر جگہ سے مشورے مل رہے ہیں اور انہوں نے اس فیصلے پر پہنچنے کے لیے ان سب کی بات سنی۔
نتیش کمار نے کہا، ”میں نے آج وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور گورنر سے کہا ہے کہ وہ اس حکومت کو ختم کردیں۔ پارٹی رہنما مجھے مشورے دے رہے تھے۔ میں نے ان کی بات سنی اور استعفیٰ دے دیا ہے۔ حالات اچھے نہیں تھے۔ لہذا، ہم نے رشتہ توڑ دیا ہے”۔
ریاستی سیاست میں ہنگامہ خیزی کے باوجود، نتیش، چاہے مہاگٹھ بندھن کے ساتھ ہو یا بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے ساتھ، وزیر اعلیٰ کی کرسی کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ان کی پارٹی ان کے بار بار ہونے والے فلپ فلاپ پر تقسیم نہ ہو۔