عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
اجودھیا// اجودھیا کو ثقافتی راجدھانی کے طور پر ترقی دے رہی یوگی حکومت نے رام نگری آنے والے عقیدت مندوں اور سیاحوں کو جدید طبی سہولیات کا فائدہ دلانے کے ارادے سے دیوگاؤں ملکی پور میں 50 بستروں کی گنجائش والے مشترکہ اسپتال کے شعبہ امراض چشم کو نئے سرے سے فعال کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔اسی سلسلے میں 15.31 لاکھ روپے مالیت کے آٹھ جدید آلات کی فراہمی کی راہ ہموار کرنے کا ایکشن پلان عمل میں لایا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے خرچ کی جانی والی رقم بھی حکومت نے انتظامی اور مالیاتی منظوری کے بعد جاری کر دی ہے۔یوگی حکومت کی طرف سے میڈیکل اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو جاری کی گئی ہدایات میں دیوگاؤں ملکی پور میں 50 بستروں کی گنجائش والے مشترکہ اسپتال کے امراض چشم کے شعبہ کو کل آٹھ جدید آلات کے ذریعے اپ گریڈ کرنے کے عمل کو مکمل کرنے کا ذکر ہے۔ اس میں سلٹ لیمپ بائیو مائیکروسکوپ، نان کانٹیکٹ ٹونومیٹر، ڈائریکٹ اوپتھلمسکوپ، آپریٹنگ مائیکروسکوپ، آٹو ریفریکٹو کیراٹو میٹر، اے اسکین بائیو میٹر، ڈیہومیڈیفائر اور فوگنگ مشین کی خریداری کا ذکر ہے جس کی تکمیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کو خریداری کے عمل کو مکمل کرنے اور مذکورہ تمام آلات کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔