یو این آئی
نئی دہلی//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے دورہ کے دوران این سی سی کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا “تخلیقی صلاحیت، باہمی مہارت، جذباتی ذہانت اور حساسیت وہ خصوصیات ہیں جو مشینوں اور مصنوعی ذہانت کے موجودہ دور میں ایک شخص کوموزوں اور ملازمت کے قابل بنائیں گی”۔ دہلی کینٹ میں واقع یوم جمہوریہ کیمپ میں انہوں نے کیڈٹس کو ان خوبیوں سے آراستہ کرنے اور اگلی نسل کی رہنمائی کے لیے ان کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کل این سی سی کی ستائش کی۔ جدید ٹکنالوجی سے چلنے والے دور میں مصنوعی ذہانت کے عروج پر اپنی بصیرت کا اشتراک کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ وقت اور مزید ترقی کے ساتھ لوگ ان شعبوں میں اپنا کیریئر بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا شروع کر دیں گے جہاں مشینیں مطلوبہ کاموں کو انجام نہیں دے سکتیں۔ تاہم انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ اگر مشینیں جسمانی اور فکری کام انجام دے سکتی ہیں تو بھی وہ تخلیقی نہیں ہو سکتیں، شعور پیدا نہیں کر سکتیں اور انسانوں کی طرح باہمی مہارتیں پیدا نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔وزیر دفاع نے کہا “این سی سی اپنے مختلف اقدامات اور پروگراموں کے ذریع کیڈٹس کو جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط بنا کر، ان کی سماجی صلاحیتوں کو فروغ دے کر اور حب الوطنی اور قومی افتخار کے جذبات کو ابھار کر ان کی مجموعی ترقی کو یقینی بنا رہا ہے ۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کیڈٹس کے لیے ان خوبیوں کو اپنانا بھی بہت ضروری ہے ۔ اس سے انہیں ملک کی ترقی میں اپنا 100فیصد رول ادا کرنے میں مدد ملے گی۔”