مشتاق الاسلام
پلوامہ//پلوامہ کے ہونہار کرکٹر فیضان مختار نے قومی ٹیم کیلئے انڈر 17 ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔اپنے انتخاب پر خوش پلوامہ کے مضافاتی علاقے کریم آباد سے تعلق رکھنے والا دسویں جماعت کا یہ طالب علم اب 67 ویںقومی سکول گیمزکی انڈر17 بائز کرکٹ چمپن شپ کیلئے گزشتہ مہینے سے پٹنہ اور بہار میں کھیل رہا ہے۔اس ہونہار کھلاڑی نے ابھی تک جاری اس چمپن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فیضان کے کوچ بلال احمد ڈار کا کہنا ہے کہ اس ہونہار کھلاڑی نے ایک ماہ طویل کیمپ میں شرکت کی تھی جس کے بعد انہیں یوٹی سطح کی انڈر 17 ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کریم آباد پلوامہ کے دسویں جماعت کے طالب علم فیضان مختار نے کہا کہ وہ قومی سطح کے ٹورنامنٹس میں ریاستی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ’’ میں نے چھوٹی عمر سے ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا تھا اور بھارتی کپتان وراٹ کوہلی ان کے پسندیدہ بلے باز تھے‘‘۔اس دوران گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کے فیزکل ٹیچر بلال احمد ڈار نے طالب علم کو مبارکباد پیش کی ہے۔اسکول کے پرنسپل نے بھی ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔