یو این آئی
نئی دہلی//قومی دارالحکومت میں بدھ کی صبح گھنے کہرے کی وجہ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تقریباً 120 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔دریں اثنا، دہلی جانے والی کئی ٹرینیں بھی گھنے کہرے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں یا منسوخ کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سردی کی اس شدید لہر کی صورت حال سے راحت کا کوئی امکان نہیں ہے اور آئندہ دو سے تین روز تک گھنا کہراچھایا رہے گا۔منگل کو، آئی ایم ڈی نے دہلی میں گھنے کہرے اور سردی کی لہر کے حالات کے پیش نظر بدھ اور جمعرات کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔محکمہ نے بدھ کو پنجاب اور ہریانہ میں گھنے کہرے اور سردی کی لہر کے حالات کے لیے “ریڈ الرٹ” اور جمعرات کو دونوں ریاستوں میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے ۔دھند سے متعلق رکاوٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے منگل کو کہا کہ دہلی ہوائی اڈے کو کیٹ III کے قابل چوتھے رن وے کے آپریشنلائزیشن میں تیزی لانے کے لئے کہا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے پیش نظر پریشانی کو کم کرنے کے لئے مسافروں کے بہترمواصلات اور سہولت کے لئے ایئر لائنز کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) کی طرف سے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔