عظمیٰ نیوزڈیسک
سرینگر//کہا جاتا ہے کہ جس چیز کے لیے آپ اپنا ذہن بناتے ہیں، وہ حاصل کرلیتے ہیں۔ کام کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، اسے مکمل کرنے کے لیے جستجو اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسی ہی ایک خبر بجبہاڑہ سے آرہی ہے۔ بیجبہاڑہ کے گاؤں واگہ ہاما سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ معذور کرکٹر عامر حسین لون کی کہانی بھی دل کو چھو لینے والی ہے۔ عامر حسین اس وقت جموں و کشمیر کی پیرا کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔ عامر 2013 سے پیشہ ورانہ طور پر کرکٹ کھیل رہے ہیں جب ایک استاد نے ان کے کرکٹ ٹیلنٹ کو دریافت کیا اور انہیں پیرا کرکٹ سے متعارف کرایا۔ وہ اپنے پیروں کا استعمال کرتے ہوئے بولنگ کرتے ہیں اور بلے کو کندھے اور گردن کے درمیان پکڑ کر کھیلتے ہیں۔عامر بتاتے ہیں کہ انہوں نے گیند کو مارنے کے لیے اپنی ٹھڈھی اور کندھے کے درمیان بلے کو پکڑنے کی مشق کی۔ اپنے دائیں پاؤں کی دونوں انگلیوں کا استعمال کرتے ہوئے اندر اور باہر جھولنا سیکھا۔عامر جب آٹھ سال کے تھے تو اپنے دونوں ہاتھ کھو بیٹھے۔ وہ اپنے والد کی چکی میں حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ ایچ ٹی کی رپورٹ کے مطابق عامر کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد لوگوں نے میرے والد کو کہا کہ میں ان پر بوجھ بن جاؤں گا۔ میں نے سوچا، نہیں، میں ایسا نہیں ہونے دوں گا اور اس مسئلے سے لڑنے کا فیصلہ کیا۔ عامر نے تیراکی سیکھنے کے لیے بطخ کی نقل کی۔ اور اپنا تیراکی کے لئے منفرد انداز اپنایا۔