عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی پیرا آرچر شیتل دیوی نے منگل کو راشٹرپتی بھون، نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر دروپدی مرمو سے باوقار ’ارجن ایوارڈ‘ حاصل کیا۔
شیتل دیوی فوکومیلیا کے ساتھ پیدا ہوئی، جس سے اُن کے بازوو¿ں کی نشوونما میں رکاوٹ پیدا ہو گئی، اُنہیں چھوٹی عمر سے ہی کافی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، شیتل کے ناقابل تسخیر جذبے نے اُنہیں ان سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد کی۔
پیشہ ورانہ تیر اندازی میں شیتل کا داخلہ 2019 میں کشتواڑ میں فوج کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے ذریعے شروع ہوا۔ سابق تیز انداز کلدیپ ویدوان کی سرپرستی میں شیتل نے اپنی مہارتوں کو نکھارا، ایک انوکھی تکنیک کو اپنایا جس میں شوٹنگ کے لیے اپنے پاو¿ں اور ٹانگوں کا استعمال شامل تھا۔
شیتل نے زیش ریپبلک میں ہونے والی ورلڈ آرچری پیرا چمپئن شپ 2023 میں ایک اہم مقام حاصل کیا، جہاں اُنہوں نے چاندی کا تمغہ جیتا، اور یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی خاتون آرچر بن گئیں۔اُن کی فتح نہ صرف اس وقت شیتل کیلئے تعریف کا باعث بنی بلکہ پیرس 2024 کے پیرالمپکس گیمز میں ان کو جگہ بھی مل گئی۔ شیتل کی کامیابی ایشین پیرا گیمز 2023 میں جاری رہی، جہاں اُنہوں نے انفرادی کمپاو¿نڈ اور مکسڈ ٹیم ایونٹس میں سونے اور خواتین کے ڈبلز میں چاندی سمیت متعدد تمغے جیتے تھے۔
اس کھیل میں شیتل کی عمدہ کارکردگی کو کئی باوقار ایوارڈز کے ذریعے مزید تسلیم کیا گیا۔ انہیں ایشین پیرا اولمپک کمیٹی نے سال کی بہترین یوتھ ایتھلیٹ اور ورلڈ آرچری کی طرف سے سال کی بہترین خواتین کی پیرا آرچر قرار دیا گیا۔ مزید، شیتل نے 2023 میں خواتین کے کمپاو¿نڈ پیرا تیر اندازی میں نمبر ون رینکنگ حاصل کی۔