عظمیٰ نیوزڈیسک
دبئی//انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔آئی سی سی نے دسمبر کے بہترین کھلاڑیوں کیلئے تین کھلاڑیوں کے نام فائنل کیے۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی نامزدگیوں میں شامل ہیں۔ بنگلادیش کے تیج الاسلام اور نیوزی لینڈ کے گلین فلیپس بھی ان کے مدِمقابل ہیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بولنگ پرفارمنس پر نامزدگیوں میں شامل کیا گیا۔تیج الاسلام کو نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ بولنگ کی وجہ سے نامزد کیا گیا۔خواتین کھلاڑیوں کے زمرے میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی کھلاڑیوں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔ اس ایوارڈ کیلئے زمبابوے کی کرکٹر پریشیس مارنگے، بھارتی کرکٹر جمائما روڈریگز اور دیپتی شرما نامزد کی گئی ہیں۔پریشیس مارنگے نے افریقہ کوالیفائر کے دوران بہترین بولنگ کی جس میں انکی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ بھارتی ویمن کرکٹرز جمائما روڈریگز نے دسمبر میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی۔دیپتی شرما نے بھی انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف عمدہ پرفارمنس دی تھی۔